مانسہرہ ، شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم اسلحہ و بارودی گولوں سمیت گرفتار

جمعرات 8 مئی 2025 16:55

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) مانسہرہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو اسلحہ و بارودی گولوں سمیت گرفتار کر لیا۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق تھانہ بالاکوٹ کی حدود میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

جس پر ایس ایچ او تھانہ بالاکوٹ فہد شاہ نے پولیس نفری کے ہمراہ موثر حکمت عملی سے چھاپہ مار کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزم محمد فیاض ولد مسکین سکنہ شاہ اسماعیل بالاکوٹ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، 15 کارتوس اور 25 بارودی گولے برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ ایک خطرناک اور غیر قانونی عمل ہے، جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔