المصطفیٰ اورکراچی انسٹی ٹیوٹ آف فزیوتھراپی کے اشتراک سے تھیلی سیمیا آگاہی کیلئے سیمینارکاانعقاد

جمعرات 8 مئی 2025 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)تھیلی سیمیاکے عالمی دن کے موقع پر سرپرست اعلیٰ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے اپنے پیغام میں کہاکہ تھیلی سیمیاکے بڑھتے ہوئے کیسزکی وجہ عوام میں مرض سے متعلق آگاہی کانہ ہوناہے،تھیلی سیمیاکے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہرفردکوجدوجہد کرنی چاہیے ،تھیلی سیمیاکی روک تھام کیلئے شادی سے قبل تھیلی سیمیاکاٹیسٹ انتہائی ضروری ہے،تھیلی سیمیاکے حوالے سے بنائے گئے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کواس موروثی مرض سے محفوظ بنایاجاسکے۔

المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی اورکراچی انسٹی ٹیوٹ آف فزیوتھراپی کے اشتراک سے تھیلی سیمیاآگاہی مہم کے سلسلے میں گلشن اقبال میں سیمینارکاانعقاکیاگیا اورتھیلی سیمیاسے متاثرہ بچوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے کیلئے ایک کیمپ گلشن اقبال میں لگایادوسر اکیمپ اقراء یونیورسٹی میں لگایاگیا۔

(جاری ہے)

منعقدہ سیمینارکے شرکاء کولیکچردیتے ہوئے المصطفیٰ میڈیکل سینٹرگلشن اقبال کے ڈپٹی میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹرنادرنے کہاکہ تھیلی سیمیاایک مہلک مرض ہے جس سے بچاؤکی صرف ایک ہی صورت ہے کہ شادی سے پہلے میاں بیوی کے ٹیسٹ کرالیے جائیں اوردونوں میں سے ایک کے بھی متاثرہ ہونے کی صورت میں شادی نہ کی جائے ،سرکاری سطح پراس سلسلہ میں قانون سازی کے باجودعمل درآمد نہ ہونالمحہ فکریہ ہے۔

ڈاکٹرنادرنے کہاکہ متاثرہ بچوں کیلئے خون اُمید کی کرن اورزندگی کی نوید ہے، خون عطیہ کرنے سے انسانی صحت کوکوئی خطرہ نہیں ہوتا بلکہ جسم میں تازہ خون پیداہوتا ہے اس لئے صحت مندافرادکوخون عطیہ کرناچاہیے ۔