نئے تعینات ایس پی بارکھان ڈاکٹر سعد آفریدی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

جمعرات 8 مئی 2025 22:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) نئے تعینات ایس پی بارکھان ڈاکٹر سعد آفریدی (پی ایس پی) نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پیز، دیگر تمام پولیس آفیسران اور دفتری عملہ نے نئے ایس پی کا پرتپاک استقبال کیا،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔چارج سنبھالنے کے بعد نئے ایس پی نے ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوزاور دفتری عملے سے خصوصی ملاقات کی ۔

ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا،میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانا، قانون اور انصاف کا موثر نفاذ اور عوام کو بہترین پولیس خدمات کی فراہمی ان کے لئے اولین ترجیح میں شامل ہے ،جس میں کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے علاوہ ایس پی ڈاکٹر سعد آفریدی نے نے پولیس لائنز ،پولیس تھانہ بارکھان، سب جیل بارکھان ،ایم ٹی سیکشن، اسلحہ خانہ، مالخانہ کی صفائی ستھرائی چیک کی اور اہلکاران کی بیرکوں کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

ایس پی نے وہاں پر موجود آفیسران اور اہلکاروں کو درپیش مسائل سنے ۔اس موقع پر انہوں نے ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ ان کے ایریا میں ہونے والی تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو بند کرنے کے لیے کارروائیوں کو تیز کریں ،سمگلنگ پر سختی سے پابندی ہوگی اور اشتہاری ، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے موثرحکمت عملی کے تحت چھاپے لگائیں ۔

انہوں نےڈیوٹی میں سستی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو فوراً پولیس رول کے تحت سزائیں دیں اور بہترین ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دیں۔ایس پی نے مزید کہا کہ تمام افسران اور ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے ،انکی ویلفیئر کے لیے جلد ہی اقدام اٹھائے جائیں گے۔نوتعینات ایس پی بارکھان نے سختی سے احکامات جاری کیے کہ اگر کوئی ملازم یا آفیسر کسی سے رشوت ،بھتہ لینے یا کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔