بھارت کی بلااشتعال جارحیت پورے خطہ میں امن و ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے، عالمی برادری صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لے ،گورنر بلوچستان

جمعرات 8 مئی 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بھارت کی جارحیت بالخصوص سویلین آبادیوں کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی اصولوں اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلااشتعال جارحیت سے نہ صرف معصوم شہریوں کی جانوں اور املاک کو نقصان ہواہےبلکہ پورے خطے میں امن اور ترقی کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ بھارتی جارحیت سے پورے خطے کی اقوام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو کئی خدشات و خطرات لاحق ہو چکے ہیں، عدم استحکام اور عدم تحفظ کو بڑھاوا مل رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس نازک صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لے ،گورنر بلوچستان نے کہا کہ اس وقت باڈر ایریاز کے قریب رہنے والے لوگوں کو ایک انسانی بحران کا سامنا ہے، جس میں بےگناہ شہریوں کو جانوں کے ضیاع، بےگھر ہونے اور وسیع پیمانے پر نقصانات کا سامنا ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی سے لاکھوں خواتین اور بچوں کو جو نفسیاتی صدمہ پہنچا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔ بھارت کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی جارحانہ بیان بازی اور کارروائیاں فوری طور پر بند کرے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطہ کے استحکام اور تحفظ کو یقینی بنانے، کشیدگی کو کم کرنے اور پرامن حل کو فروغ دینے کیلئے بروقت اور فعال کردار ادا کرے۔