9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کو جلد سزائیں سنا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، عزیز احمد اعوان

جمعرات 8 مئی 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) سابق فوجیوں کی تنظیم پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کو جلد سزائیں سنا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے راولپنڈی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کو مشتعل مظاہرین نے کور کمانڈر ہاؤس لاہور اور فوجی ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو)راولپنڈی سمیت پشاور اور کئی دیگر مقامات میں عسکری تنصیات پر جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی ، عسکری تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا ،عوام کو فوجی قیادت کے خلاف اکسانے کی کوشش کی لیکن تا حال عسکری تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ماسٹر مائنڈ سمیت دیگر ملوث ملزمان کے خلاف فیصلے مسلسل تاخیر کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

عزیز احمد اعوان نے کہا کہ اگر کوئی شخص کسی کو فوجی کمان کے خلاف بغاوت، فساد برپا کرنے کے لئے اشتعال دلانے، اُکسانے، ترغیب یا تحریک دے تو اس صورت میں فوج اس کے خلاف آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی کے تحت مقدمہ چلا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی کے تحت کسی بھی سویلین کا معاملہ 31 ڈی میں لا کر اس کا کورٹ مارشل کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سمیت تمام ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کاروائی مکمل کر کے انہیں جلد از سزائیں سنائی جائیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔