مولانا فضل الرحمن کا 9مئی کو یوم دفاع وطن منانے کا اعلان

کل جمعہ کے اجتماعات میں ہندوستان کی جارحیت کی مذمت کی قرارداد منظور کروائیں اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کریں، علما سے اپیل

جمعرات 8 مئی 2025 22:00

مولانا فضل الرحمن کا 9مئی کو یوم دفاع وطن منانے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کل جمعہ 9مئی کو ملک بھر میں "یوم دفاع وطن" منانے کا اعلان کیا ہے اور علما خطبا سے اپیل کی ہے کہ کل جمعہ کے اجتماعات میں ہندوستان کی جارحیت کی مذمت کی قرارداد منظور کروائیں اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کریں۔

(جاری ہے)

مولانا امجد خان اور حافظ غضنفر عزیز کے مطابق جے یوآئی کے سربراہ نے کہا کہ وطن کے دفاع کیلئے ہم سب ایک ہیں ہماری بہادر فوج جو بڑی مضبوطی اور جرات کے ساتھ وطن کے دفاع کیلئے دشمن کے سامنے کھڑی ہے پوری قوم ان کی پشت پر ہے، انہوں نے کہا کہ وطن کا دفاع کرناہم پر فرض بھی ہے اور ہمارا ایمانی حق ہے، انہوں نے علما اور خطبا سے اپیل کی کہ وہ بھارتی دہشت گردی اور بربریت اور جارحیت کے خلاف قراردادیں بھی منظور کروائیں ،انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا جواب دینے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔