ڈاؤ یونیورسٹی کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیوں کا انعقاد

جمعرات 8 مئی 2025 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام دونوں کیمپسز میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گیے۔جاری اعلامیہ کے مطابق اوجھا کیمپس میں سینکڑوں طلباء و طالبات، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے پر مشتمل ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں آرا حسن نے کی جبکہ ڈاؤ میڈیکل کالج میں نکلنے والی ریلی کی قیادت پرو وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے کی۔

اوجھا کیمپس میں ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج سمیت دیگر طلبہ و طالبات کی جانب سے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا گئے تھے جس پر بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف نعرے درج تھے، ریلی کے دوران شرکاء کی جانب سے پاکستان کا مطلب کیا، پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضاء گونج اٹھی، اس موقع پر طلباء و طالبات کو پیغام دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں آرا حسن نے کہا کہ بھارت اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے اپنے ناپاک جنگی عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستان کا ایک ایک شہری افواج پاکستان کے ساتھ بطور ہر اول دستہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبا وطالبات پر زور دیا کہ اتحادو یکجہتی برقرار رکھیں ملک وقوم کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ڈاؤ میڈیکل کالج کیمپس میں جامعہ کے اساتذہ و طلبہ نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا طلبہ نے ‘پاک فوج قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں’ کے نعرے لگائے ۔شرکاء نے جامعہ کی جانب سے قوم اور افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اساتذہ نے حالیہ بھارتی بلااشتعال جارحیت اور بزدلانہ کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور معصوم شہریوں پر سفاکانہ حملہ قرار دیا۔ اساتذہ نے کہا کہ بھارت کی یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔انہوں نے پاکستانی عوام اور افواجِ پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی بہادر افواج اور پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ فیصلہ کن وقت ہے، ہم ایک قوم بن کر متحد ہیں،ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔