ةبھارت کا غرور، تکبر اور جھوٹا پروپیگنڈہ فضاؤں میں جل کر راکھ ہو چکا ہی: ملک ظہیر اقبال چنڑ

جمعرات 8 مئی 2025 22:25

!بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2025ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور کے سرجیکل وارڈ میں بھارت کے بزدلانہ حملہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے و ایم این اے میاں عثمان نجیب اویسی، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے بورڈ آف ریونیو وممبر صوبائی اسمبلی میاں شعیب اویسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ حملے کا پوری قوم متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرے گی اور پاکستان کا ہر فرد اس امتحان میں سرخرو ہوگا۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بھارت کا غرور، تکبر اور جھوٹا پروپیگنڈہ فضاؤں میں جل کر راکھ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر دفاع خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب ملک ظہیر اقبال چنڑنے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی۔