لاہور ہائیکورٹ کا موٹر وے اور ملتان روڈ پر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کا حکم

جمعہ 9 مئی 2025 11:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ موٹر وے اور ملتان روڈ کی خاص اہمیت کی حامل جگہوں پر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے نئی فورس کو تعینات کیا جائے اور ڈرون کے ذریعے اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے برہمی کا اظہار اور نشاندھی کی ہے کہ اب بھی موٹر وے اور ملتان روڈ پر فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ای پی اے نے بڑی فورس تو بنا لی ہے مگر وہ فورس کہاں کھڑی کی گئی ہے، وہ بڑی بڑی گاڑیاں کہاں ہیں جو دی گئی ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ۔

(جاری ہے)

متعلقہ محکموں کے افسران پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر اپنی اپنی رپورٹ پیش کیں ۔دوران سماعت جوڈیشل واٹر کمیشن کے وکیل کمال حیدر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر میں گرین پودوں کی تنصیب سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے سے میٹنگ ہوئی ہے اور رولز بنانے کے لیے ہدایات دے دی گئی ہیں۔ وہ شہری جو رولز اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرے گا، صرف اسی کا نقشہ منظور کیا جائے گا۔

جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ رواں سال مئی میں اکتوبر اور نومبر جیسا موسم رہا ہے، اس پر سنجیدگی سے اقدامات کی ضرورت ہے۔جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر بھی قابو نہیں پایا جا سکا۔ واٹر میٹر سے متعلق جوڈیشل واٹر کمیشن کے ممبر نے بتایا کہ واسا کے ساتھ میٹنگ ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ اگر گھروں میں واٹر میٹر لگ جائیں تو لوگ پانی ضائع کرنے سے باز آئیں گے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔