اس وقت تمام علماء کرام اور سیاسی رہنما بھارتی آبی جارحیت اور جنگی جنون کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں،علامہ ناصر محمود

جمعہ 9 مئی 2025 15:06

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) علماء کرام اور سیاسی رہنما بھارتی آبی جارحیت اور جنگی جنون کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد رحمان مغل ٹائون سمبڑیال کے سرپرست اعلی و خطیب علامہ ناصر محمود نے جمعہ کے خطبہ کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھارت کی طرف سے جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا، تمام علماء کرام ، سیاسی جماعتیں اور نوجوان نسل بہادر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہمیں اپنے اختلافات کو بھلا دینا چاہیے اور آپس میں متحد رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت اور جنگی جنون کے خلاف ہم اپنا احتجاج کرتے ہیں اور اگر بھارت نے ہم پر جنگ مسلط کی تو پاکستان کا بچہ بچہ لڑنے کیلئے سینے میں جذبہ رکھتا ہے۔ انہوں نے جنگ کے حوالے سے غزوہ خندق کا بھی حوالہ دیا ،اس پر تفصیلی روشنی ڈالی اور جذبہ ایمانی اجاگر کیا۔جمعہ کے بڑے اجتماع میں آئے لوگوں نے پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد ، قدم بڑھائو ہم آپکے ساتھ ہیں اور بھارتی جنگی جنون اور مودی حکومت مردہ باد کے نعرے لگائے۔ جمعہ کے خطبہ کے بعد ملک پاکستان ،پاک افواج اور شہدا و زخمیوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔