سی سی پی او لاہور کا موجودہ ملکی صورتحال میں فورس کو الرٹ رہنے کا حکم

جمعہ 9 مئی 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء) لاہورپولیس موجودہ ملکی صورتحال میں پوری طرح الرٹ ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بھارتی جارحیت کے تناظر میں فورس کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہورپولیس سکیورٹی امور اور لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بلا ل صدیق کمیانہ نے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کی داخلی اور خارجی چوکیوں سمیت تمام اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔سی سی پی اولاہور نے فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصراور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز اور سکیورٹی اداروں سے بہترین کوارڈینیشن قائم رکھیں۔

(جاری ہے)

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کے جوان ہمہ وقت الرٹ رہیں اور ضرورت پڑنے پر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔سی سی پی اولاہور نے سپر وائزی افسران کو حساس اور اہم مقامات پر ہیومن ریسورس اور لاجسٹکس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پر امن رہیں اور نظم و نسق قائم رکھیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور پولیس افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔