ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے عوامی آگاہی مہم، ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر زور

جمعہ 9 مئی 2025 17:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ریسکیو 1122 ملتان نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی زیرنگرانی ضلع ملتان اور اس کی تمام تحصیلوں کی مرکزی مساجد میں جامعہ جمعہ اجتماعات کے دو ران ایک منظم آگاہی مہم چلائی۔اس مہم کا مقصد عوام کو ممکنہ ہنگامی حالات خصوصاً ڈرون، میزائل یا بم حملوں کی صورت میں فوری ردِعمل، ابتدائی طبی امداد، اور محفوظ انخلا کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

عوام کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں جائے وقوعہ سے دور رہیں، غیر مصدقہ معلومات پر مبنی سوشل میڈیا افواہوں سے بچیں، اور آگ لگنے یا دیگر حادثات کے دوران خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے اصولوں پر عمل کریں۔ریسکیو 1122 نے واضح کیا کہ ادارہ ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے نہ صرف تیار ہے بلکہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کو اپنی اولین تر جیح سمجھتا ہے۔ اس سلسلے میں آگاہی اور تربیت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ عوام ہنگامی حالات میں بہتر فیصلہ سازی کر سکیں۔