کوئٹہ سول اسپتال کی 300 سے زائد ویل چیئرز مریض اپنے ساتھ گھر لے گئے

ویل چیئرز غائب ہوجانے سے اسپتال کو پچاس لاکھ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا‘ ایم ایس سول اسپتال

اتوار 17 اگست 2025 17:35

کوئٹہ سول اسپتال کی 300 سے زائد ویل چیئرز مریض اپنے ساتھ گھر لے گئے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)کوئٹہ کے سول اسپتال سے دوبرسوں میں 300 سے زائد ویل چیئرز مریضوں کے تیمار دار ساتھ لے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔جیو نیوز کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سو ل اسپتال ڈاکٹر عبدالہادی نے بتایا کہ سول اسپتال میں پچھلے دو برسوں کے دوران تقریباً 300 سے زائد افراد اسپتال کی ویل چیئرز مریض کے ہمراہ اسپتال میں استعمال کرنے کے بعد گھر لے گئے اور واپس نہیں لائے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ان افراد کے شناختی کارڈز،سروس کارڈ ز، افغان سٹیزن کارڈز اور دیگر دستاویزات اسپتال انتظامیہ کے پاس موجود ہیں مگر وہ لینے ہی نہیں آتے ہیں۔ایم ایس سو ل اسپتال کا کہنا تھا کہ مریضوں کے تیمارداروں کی جانب ویل چیئرز گھر لے جانے سے جہاں اسپتال کو 50 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا وہاں دیگر مریضوں کیلئے مشکلات میں اضافہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے مزید ویل چیئرز مہیا کردی ہیں۔

متعلقہ عنوان :