پنجاب میں دریائوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی

دریائوں کے بہا ئوکو مسلسل مانیٹر کیا جائیگا، ریلیف کیمپس قائم رہیں گے‘ سلمان رفیق کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی ڈیزاسٹر مینجمنٹ

اتوار 17 اگست 2025 16:35

پنجاب میں دریائوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)چیئرمین کابینہ کمیٹی ڈیزاسٹرمینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت اجلاس میںدریائوں کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ۔اجلاس میں قائمقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور اور ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے شرکت کی، ویڈیو لنک کے ذریعے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، سیکرٹری اری گیشن، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا، پوٹھوہار کے لیے بھیجے جانے والے امدادی سامان کا جائزہ لیا، اجلاس میں ممکنہ طوفانی بارشوں، فلیش فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا سمیت دیگر حکام نے موجودہ صورتحال پر اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں دریائوں کے بہا ئوکو مسلسل مانیٹر کیا جائے گا، ریلیف کیمپس قائم رہیں گے۔

قائم مقام چیف سیکرٹری احمد رضا سرور نے کہا کہ دریائوں کے اطراف موجود آبادیوں کے انخلا ء کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق دریائوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ندی نالوں کے اطراف آبادیوں کو خطرات سے آگاہ کرنے اور مری، گلیات میں غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی۔

متعلقہ عنوان :