Live Updates

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے ، ترجمان

اتوار 17 اگست 2025 16:20

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے شدید مون سون بارشوں کا امکان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج سے شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے ،بارشوں کا ساتواں سلسلہ23 اگست تک جاری رہے گا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ،منڈی بہائوالدین ،گوجرانولہ ،حافظ آباد ، وزیرآباد، شیخوپورہ ،سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک، سنگھ ننکانہ، چنیوٹ ، فیصل آباد ،اوکاڑہ ،قصور ،خوشاب، سرگودھا، بھکر ،میانوالی، بہاولپور ،بہاولنگر ،ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بالائی پنجاب راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں اور کلائوڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں جس کے باعث دریائوں کے بہائو میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پنجاب کے دریائوں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ، بارشوں کے باعث دریائے سندھ، راوی ،جہلم ستلج اور چناب کے بہائو میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں کالا باغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا وسلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔انہوں کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرز کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دریائوں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کروائیں ،اس سلسلہ میں پنجاب پولیس کو دریائوں وندی نالوں کے اطراف پٹرولنگ بڑھانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ واسا ،ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے،تمام چوکنگ پوائنٹس پر مشینری سمیت عملے کی تعیناتی اور ڈسپوزل سٹیشنز کو فنگشنل رکھیں، جنریٹرز کا بیک اپ یقینی بنایا جائے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کہا کہ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز نکاسی آب کو یقینی بنائیں بصورت ان کے خلاف دیگر کارروائی کی جائے گی ، وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیز واٹر پونڈنگ ختم کرنے کی ذمہ دار ہیں۔ڈی جی نے کہا کہ شہری موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،تیز بارش اور آندھی مخدوش و کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہے،بجلی کے کھمبوں ، برقی آلات اور تاروں کو ہرگز نہ چھوئیں، شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات