بروقت انصاف کی فراہمی کے لئےو فاقی محتسب کے ریجنل آفس سمیت تمام متعلقہ اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہیں، گورنربلوچستان

ہفتہ 10 مئی 2025 00:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کا ادارہ معاشر کے سب سے کمزور اور غریب لوگوں کو سستا انصاف فراہم کرنے اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنے میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مذکورہ ادارے کے فریم ورک کو مضبوط اور وسیع بنانے کیلئے بلوچستان کی ڈویژنوں میں وفاقی محتسب کے ریجنل آفس کا قیام بہت ضروری ہے جو قابل رسائی اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ،چیک اینڈ بیلنس کا ایک مضبوط نظام ہی کارکردگی کے معیار کو نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے، یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وفاقی محتسب کے بلوچستان میں ریجنل آفس کے ہیڈ سرور براہوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام حکومتی اداروں کو احتساب، شفافیت اور ذمہ داری کو ترجیح دینی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم صو بہ میں وفاقی محتسب کے ریجنل آفس سمیت تمام متعلقہ اداروں کی بروقت انصاف کی فراہمی کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انصاف کی فراہمی کے عمل مزید موثر بناتے ہوئے سرکاری افسران اور ملازمین کیلئے صلاحیت سازی کے اقدامات ضروری ہیں جو ایک شفاف اور مربوط نظام کو فروغ دینے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، قبل ازیں گورنر بلوچستان کو ادارے کی جانب سےسالانہ رپورٹ 2024 پیش کی گئی ۔