مفت سفری ٹکٹ اور مالی انعام،مہاجرین کی بے دخلی کے لیے ٹرمپ کی پیش کش

جو لوگ رضاکارانہ طور پر نہیں جائیں گے، انھیں سخت سزائوں کا سامنا ہوگا،امریکی صدر

اتوار 11 مئی 2025 12:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کرتے ہوئے وفاقی سطح پر ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے جسے رضاکارانہ بے دخلی کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت، امریکا چھوڑنے والے افراد کو نہ صرف مفت فضائی ٹکٹ دیا جائے گا بلکہ واپسی کے بعد مالی انعام بھی پیش کیا جائے گا، بشرطیکہ وہ امریکا ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Special پر لکھا کہ غیر قانونی تارکین وطن جو امریکا میں قیام کریں گے، انھیں ایسی سزاں کا سامنا ہو گا جن میں اچانک ملک بدری، سخت قید، بھاری جرمانے، جائیداد کی ضبطی، تنخواہوں کی بندش اور اس جگہ سے گرفتاری شامل ہے جہاں ہم چاہیں اور جب چاہیں۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام کے ساتھ جاری کردہ ایک وڈیو میں ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ یہاں رہ نہیں سکتے، تو جہاں چاہیں جا سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جو لوگ رضاکارانہ طور پر نہیں جائیں گے، انھیں سخت سزائوں کا سامنا ہوگا، جن میں قید، بھاری مالی جرمانے اور جائیدادوں کی مکمل ضبطی شامل ہے۔اس منصوبے کے تحت، امریکا چھوڑنے والے افراد کو 1000 ڈالر کی نقد رقم دی جائے گی، بشرطیکہ ان کی وطن واپسی کی تصدیق CBP Home نامی ایپ کے ذریعے ہو جائے۔یہ اقدام جنوری میں کیے گئے ان اقدامات کا تسلسل ہے، جن میں ٹرمپ انتظامیہ نے جنوبی سرحد پر قومی ایمرجنسی نافذ کی تھی اور وفاقی اداروں کو غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے لیے وسیع اختیارات دیے گئے تھے۔