Live Updates

بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کی جانیں لے کر ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے،سردار عامر الطاف خان

مودی اور بھارتی حکومت کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیںاور ان مظالم کا حساب ضرور لیا جائے گا

اتوار 11 مئی 2025 14:15

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء) وزیرحکومت ٹیکنیکل ایجوکیشن و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں نے نہ صرف آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو تباہ کیا بلکہ جنوبی ایشیا کے امن کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے سردار عامر الطاف نے کہا کہ بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کی جانیں لے کر ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے مودی اور بھارتی حکومت کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیںاور ان مظالم کا حساب ضرور لیا جائے گا پونچھ اور ہجیرہ میں بھارتی گولہ باری سے جو جانی و مالی نقصان ہوا ہے، وہ ناقابلِ برداشت ہے خاص طور پر ہجیرہ کو نشانہ بنا کر بھارت نے اپنی دشمنی اور جارحیت کا ثبوت دیا ہے لیکن ہم ہجیرہ کو دوبارہ تعمیر کریں گے اور اسے ماڈل علاقہ بنائیں گے حکومتِ آزاد کشمیر متاثرہ علاقوں کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ہم پونچھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے پونچھ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار اور ریاستی مشینری فعال ہے پونچھ کی سرزمین کا ایک ایک انچ عوام کے ساتھ مل کر دفاع کیا جائے گا اور دشمن کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عوام کے حوصلے اور جذبے ہی بھارت کی شکست کا باعث بنیں گے حکومت عوام کی مشکلات کا ادراک رکھتی ہے اور ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر کو ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ خطہ بنایا جا سکے۔سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں آزاد کشمیر میں بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے دکھ کی اس گھڑی میں حکومت اور پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے ہمیں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے یہ صرف ان خاندانوں کا نقصان نہیں، بلکہ پوری کشمیری قوم کا دکھ ہے ہم ان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں حکومت آزاد کشمیر متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گاہماری اولین ترجیح ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات