ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے ملازمین کی مستقلی کی درخواست پر حکم امتناع جاری

پیر 12 مئی 2025 15:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے ملازمین کی مستقلی کیلئے دائر درخواست پر ملازمین کو برطرف کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے جنید احمد سمیت دیگر ملازمین کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کی جانب سے ملک اختر جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ درخواست گزار پہلے پراجیکٹ ملازمین تھے ، بعد میں ان کے پراجیکٹ میں توسیع کردی گئی۔درخواست گزار ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین تصور ہوتے ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے اسی کیس میں ملازمین کو ریگولر کرنے کا پہلے بھی حکم دیا تھا ، عدالتی حکم کے باوجود عملدرآمد نہیں کیا گیا ، درخواستگزار ملازمین کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ملازمین کو مستقل کرنے کے آرڈر پر عملدرآمد کا حکم دے ۔عدالت نے کمیشن کے ملازمین کو برطرف کرنے سے روک دیا، عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔