پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے حکومت اور عوام کو مشترکہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا ، چیئرمین سینیٹ کا یوم شجرکاری کے موقع پر خصوصی پیغام

پیر 18 اگست 2025 17:03

پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے حکومت اور عوام کو مشترکہ عزم کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شجرکاری کو صدقہ جاریہ اور قومی فریضہ سمجھ کر اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے حکومت اور عوام کو مشترکہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یومِ شجرکاری کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان سمیت دنیا کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے جس پر قابو پانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات بارشوں کو متوازن کرنے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کو کم کرنے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس بات پر زور دیا کہ صرف درخت لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی نگہداشت بھی ناگزیر ہے تاکہ وہ حقیقی معنوں میں ماحولیاتی توازن اور پائیدار ترقی کے ضامن بن سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سبز پاکستان آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے شجرکاری کو ایک مستقل قومی تحریک کی شکل دینا ضروری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سکولوں، کالجوں اور شہروں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات چلائی جائیں تاکہ نوجوان نسل کو اس کارِ خیر میں شمولیت کے مواقع فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے سفر میں ہر شہری کو شجرکاری مہم میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔