Live Updates

یہ بلی چوہے کا کھیل ہے، اگلی جو لڑائی ہوئی وہ پچھلی لڑائی کی طرح نہیں ہوگی، بھارتی ایئرمارشل کی بڑھک

ہماری جنگ پاکستانی فوج اور شہریوں سے نہیں ہماری لڑائی دہشتگردوں کیخلاف تھی لیکن بدقسمتی سے پاکستانی فوج نے اس لڑائی کو اپنی لڑائی بنالیا؛ ایئرمارشل اے کے بھارتی کی میڈیا بریفنگ میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 مئی 2025 15:48

یہ بلی چوہے کا کھیل ہے، اگلی جو لڑائی ہوئی وہ پچھلی لڑائی کی طرح نہیں ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2025ء ) بھارت کی فضائیہ کے ڈائریکٹر جنرل آف ایئر آپریشنز ایئر مارشل اے کے بھارتی کا کہنا ہے کہ یہ بلی چوہے کا کھیل ہے، اگلی جو لڑائی ہوئی وہ پچھلی لڑائی کی طرح نہیں ہوگی۔ بھارتی مسلح افواج کی میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ہماری جنگ پاکستانی فوج اور پاکستانی شہریوں کے ساتھ نہیں ہے، ہماری لڑائی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف تھی اسی لیے 7 مئی کو ہم نے صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا لیکن بدقسمتی سے پاکستانی فوج نے دہشت گردوں کی حمایت کرنا مناسب سمجھا اور اس لڑائی کو اپنی لڑائی بنالیا، اس صورتحال میں ہماری جوابی کارروائی انتہائی ضروری تھی اور اس میں انہیں جو بھی نقصان ہوا اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں۔

اس موقع پر پاکستان اور بھارتی ایئرفورس کے درمیان ڈاگ فائٹ سے متعلق سوال پر انڈین ایئرفورس کے ایئر مارشل نے جواب دیا کہ ’کتنے جہاز تھے؟ کیسے لڑائی ہوئی؟ اس کی تفصیلات شیئر نہیں کرسکتے، ہماری سب ہی فوجی تنصیبات اور سسٹم پوری طرح کام کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے آئندہ مشن کے لیے تیار ہیں، اگلی جو لڑائی کبھی بھی ہو گی، بھگوان کرے نہ ہو، لیکن ہوئی تو پچھلی لڑائی کی طرح نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا کہ اس مرحلے پر بھارت اور پاکستان کے کتنے جنگی جہازوں اور ڈرونز وغیرہ نے اس میں حصہ لیا اس طرح کے آپریشنل تفصیلات کے بارے میں نہیں بتایا جا سکتا اور نہ اس کی وضاحت کی جا سکتی ہے تاہم ہمارا فضائی دفاعی نظام ملک کے لیے دیوار کی طرح کھڑا ہے اس میں گھسنا ناممکن تھا، ہمارے فضائی دفاعی نظام نے پاکستان کی طرف سے لانچ کیے گئے ڈرون اور دیگر ہتھیاروں کو مار گرایا، آپ کا شکریہ کہ آپ نے ہمیں بتایا کہ کیرانہ ہلز میں کوئی جوہری تنصیبات ہیں، ہمیں اِس کے بارے میں معلوم نہیں تھا اور ہم نے کیرانہ ہلز کو نشانہ نہیں بنایا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات