اے این ایف کا کریک ڈائون، 14 ملزمان گرفتار،ساڑھے 16 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

ملزمان کیخلاف انسداد منشیات کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئیں، ترجمان

پیر 12 مئی 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)اے این ایف نے تعلیمی اداروں سمیت مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف 9کارروائیوں میں 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 16کروڑ 54لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں۔اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کیخلاف بھی خصوصی کارروائیاں کیں، اور ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔

ڈی ایچ اے کراچی (چھوٹا بخاری)میں 2موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 1کلو آئس برآمد کی گئی۔لاہور میں سرائے عالمگیر، منڈی بہاالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب 3ملزمان سے 12کلو گرام چرس برآمد ہوئی، جو گاڑی میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

کاک پل ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب 4 ملزمان سے 12 کلو چرس برآمد کی گئی۔

آر سی ڈی روڈ حب میں مسافر بس سے 10.8 کلو چرس برآمد کی گئی، جس میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔جنرل بس ٹرمینل پشاور کے قریب افغان باشندے سے 5 کلو آئس برآمد ہوئی، جو پنچنگ پیڈز میں چھپائی گئی تھی۔شاہی قلعہ سرکلر روڈ لاہور کے قریب کارروائی کے دوران ملزمان سے 706 گرام ایکسٹسی گولیاں اور 200 گرام آئس برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق سارانان، ضلع پشین میں 1870 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ کچی آبادی، پرانا چمن میں 20 کلو افیون برآمد ہوئی جبکہ پرانا پسنی روڈ، کوہِ مراد، کیچ کے قریب جھاڑیوں میں 12 کلو ہیروئن چھپائی گئی تھی جسے برآمد کر لیا گیا۔اے این ایف کے مطابق ملزمان کیخلاف انسداد منشیات کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔