امریکی صدر کے دورے سے باہمی تعاون اوراقتصادی شراکت داری مضبوط ہوگی، سعودی کابینہ

منگل 13 مئی 2025 09:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) سعودی کابینہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں ہفتے متوقع دورہ سعودی عرب کا خیر مقدم کیا ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اس دورے سے باہمی مفادات اور وژن کے مطابق مختلف شعبوں دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون اور سٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہوگی۔ کابینہ نے اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے غزہ پٹی اور فلسطینی علاقوں پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اسےعالمی انسانی قانون کی مسلسل خلاف ورزی قراردیا۔

فلسطینی بھائیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مملکت کے واضح موقف کی توثیق کی۔ارکین کابینہ نے عالمی تنظیموں اورفورمز کے ساتھ مختلف حوالوں سے تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رواں برس کی آخری سہ ماہی میں مملکت کی میزبانی میں ہونے والی ’میونخ سکیورٹی کانفرنس‘ کو اہم قرار دیا گیاجو بین الاقوامی سلامتی کےلیے اہم ثابت ہوگی۔

اجلاس میں ایجنڈے میں درج مختلف امور کا جائزہ لیا جن میں شوری کونسل کی مختلف کمیٹیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات شامل تھیں۔ کابینہ نے مختلف وزارتوں کے سربراہوں کو دیگر ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی جن میں وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ امریکی فریق کے ساتھ ایجوکیشن اور ٹریننگ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں۔

علاوہ ازیں جمہوریہ چین کے ساتھ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کو اس بات کا اختیار دیا گیا کہ وہ ادویات اور طبی لوازمات کے لیے تعاون کی یادداشت تیار کریں۔کابینہ نے حج سیزن کے آخر تک مملکت کو درآمد کیے جانے والے زندہ مویشیوں پرعائد کسٹم ڈیوٹی کو حکومت کی جانب سے ادا کیے جانے کی بھی منظوری دی۔اجلاس نے سرکاری اداروں میں اعلی عہدوں پر کی جانے والی ترقیوں اور تعیناتی کی بھی منظوری جاری کی ہے۔