بٹگرام میں سکول کی گاڑی پر فائرنگ، 6 بچے شدید زخمی ، ملزمان فرار

منگل 13 مئی 2025 11:52

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) بٹگرام میں سکول کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں 6 بچے شدید زخمی ہو گئے۔ پیرہاڑی سے بٹگرام شہر آنے والی سکول وین پر نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں 6 بچے شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام میں ایمرجنسی نافذ کرنے اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام شیر دل خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اﷲ کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام پہنچنے کا حکم دے دیا ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام محمد ایاز بھی موجود تھے۔ افسران نے زخمیوں کی عیادت کی اور میڈیکل سٹاف کو زخمیوں کے علاج معالجہ کے حوالہ سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ریسکیو 1122 اہلکاروں کو بھی موقع پر بلا کر شدید زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔