ایف بی آر نے 21 مشروبات تیارکرنے والی کمپنیوں میں افسران تعینات کردئیے

افسران کمپنیوں میں پیداوار اور فروخت کی نگرانی کریں گے ،2 جون تک تعیناتی کی گئی

منگل 13 مئی 2025 13:09

ایف بی آر نے 21 مشروبات تیارکرنے والی کمپنیوں میں افسران تعینات کردئیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے 21 مشروبات تیار کرنے والی کمپنیوں میں پیداوار اور فروخت کی نگرانی کے لیے 50 سے زائد ان لینڈ ریونیو افسران و اہلکاران تعینات کر دئیے ۔اس سلسلے میں ایف بی آر نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو، لارج ٹیکس پیئرز آفس لاہور کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 40- بی اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی دفعہ 45(2) کے تحت مشروبات بنانے والے صنعتی یونٹس کی نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

فیڈرل ایکسائز ایکٹ کی مذکورہ دفعہ کے تحت بورڈ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ رجسٹرڈ شخص کے کاروباری احاطے میں ان لینڈ ریونیو کے افسران تعینات کرے تاکہ وہاں مصنوعات کی پیداوار، ترسیل، فروخت، اسٹاک کی صورتِ حال اور ریکارڈ کے رکھ رکھا کی نگرانی کی جا سکے۔ایف بی آر کی ہدایات کے مطابق، اس نگرانی کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس کے نتائج پر مشتمل رپورٹ بورڈ کو پیش کی جائے گی۔ افسران اوراہلکاروں کو 2 جون 2025 تک ان اداروں میں تعینات کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :