Live Updates

بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی تاحال بند نہیں کی ان کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہی نہیں ، عطاء اللہ تارڑ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا جنہوں نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں جنہوں نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، وفاقی وزیر اطلاعات کا سکائی نیوز کو انٹرویو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 13 مئی 2025 14:16

بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی تاحال بند نہیں کی ان کے پاس پانی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 مئی 2025)وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑکا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہی نہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیز فائر مختلف ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، بھارت نے پاکستان کوپانی کی فراہمی تاحال بند نہیں کی، برطانوی ٹی وی سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

ان کا کہنا ہے کہ چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں جنہوں نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔متعدد ممالک نے بھارت اور پاکستان سے بات چیت کی۔پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں بہت سے ممالک نے اپنا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی جنگ بندی کے معاملے میں معاونت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنگ بندی پر چین کی قیادت کا بھی شکریہ اداکیا انہوں نے اپنا موثر کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی گروہ نے پہلگام واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پرالزامات عائد کئے۔پہلگام واقعے پر پاکستان نے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیشکش بھی کی تھی۔ 7 لاکھ فوج کی موجودگی میں پہلگام واقعہ بھارتی سیکیورٹی کی ناکامی ہے۔

عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھاکہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات اور اسلحہ ڈپووں کو نشانہ بنایا۔ بھارت کے نقصانات سب کے سامنے ہیں۔ بھارت مزید کشیدگی جھیلنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔ سیز فائر پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ حکمت عملی کی کامیابی ہے۔ سیز فائر کے بعد ڈی جی ایم اوز کے درمیان پہلا رابطہ ہو چکا ہے۔بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی فتح کو سراہتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ یہ کامیابی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔

پاکستان کو اس معاملے میں بالادستی حاصل ہے۔ بھارت کو پہنچنے والے نقصانات آپ کے سامنے ہیں۔ ہم نے ان کی فوجی تنصیبات اور اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنایا ان حقائق کی موجودگی میں مجھے یقین ہے کہ بھارت ہمارا سامنا نہیں کرسکے گا۔برطانوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی دوسری ٹویٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے خواہاں ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ٹوئٹ سے اس بات کی وضاحت ہوتی ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تصفیہ طلب معاملات بالخصوص تنازع کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی فتح روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی تاحال بند نہیں کی اور نہ بھارت کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہے اس وقت پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

قانونی طور پر ہمارا کیس بہت مضبوط ہے ہم بھارت کو اس معاہدے سے پیچھے ہٹنے نہیں دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے اور مغربی سرحدوں پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے گناہ شہریوں، جوانواں اور افسران کی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان میں کسی دہشت گرد گروہ کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات