امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، شہزادہ محمد بن سلمان نے ائیرپورٹ پرانکا استقبال کیا

ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے 4 روزہ دورے کے آغاز میں امریکی ایئر فورس ون کے طیارے میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پہنچے،امریکی وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام بھی سعودی عرب پہنچے ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 13 مئی 2025 13:43

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، شہزادہ ..
ریاض(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 مئی 2025)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا، امریکی صدر کو روایتی قہوہ بھی پیش کیا گیا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے 4 روزہ دورے کے آغاز میںامریکی ایئر فورس ون کے طیارے میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پہنچے،4روزہ دورے میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ قطر اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

ڈونلڈٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام بھی سعودی عرب پہنچے ہیں۔صدر ٹرمپ کے اس دورے کو عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔وائٹ ہاوس کے مطابق صدر ٹرمپ سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں علاقائی سیکیورٹی، دفاعی تعاون، اور اقتصادی شراکت داری پر بات چیت متوقع ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ٹرمپ خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جہاں خطے کی موجودہ صورتحال اور انسداد دہشتگردی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان بات چیت متوقع ہے جس میں ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کی امریکی کوششیں اور تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا، اور دیگر اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاوس واپسی کے بعد پہلا بڑا غیر ملکی دورہ ہے جس کا زیادہ تر محور تیل سے مالا مال خطے سے تجارتی معاہدے اور نئی سرمایہ کاری کی کوششیں ہوں گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ آج کا دن اور کل دن کا کچھ حصہ سعودی عرب میں گزارنے کے بعد قطر اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔یہ دورہ امریکی خارجہ پالیسی میں مشرقِ وسطیٰ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان نئے معاہدات پر دستخط بھی ہوں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا سعودی عرب سے کہا تھا کہ امریکی کمپنیوں میں ایک ٹریلین ڈالر ( ایک ہزار ارب ڈالر) سرمایہ کاری کریں تو میں آوں گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اگلے ایک، ڈیڑھ ماہ میں ایک ٹریلین کی بزنس ڈیل کیلئے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔