کوہستان لوئر پولیس کے ایف اے / ایف سی کے سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

منگل 13 مئی 2025 14:59

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان لوئر تیمور خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری ایف اے / ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق اس ضمن میں پولیس نے امتحانی مراکز پر سکیورٹی کے حوالے سے متعدد اہم اقدامات کئے ہیں تاکہ امتحانی ماحول کو پرامن اور غیر جانبدار رکھا جا سکے۔

امتحانی مراکز میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اپنے علاقوں میں قائم مراکز کا دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے نہ صرف سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا بلکہ سکول انتظامیہ اور امتحانی عملے سے بھی ملاقاتیں کیں تاکہ سکیورٹی سے متعلقہ خدشات اور ضروریات پر فوری عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

امتحانی ہالز کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کی موثر تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ غیر متعلقہ افراد کی داخلے پر پابندی عائد ہے۔

حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ہر قسم کی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ ایس ایچ اوز نے موقع پر موجود اہلکاروں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ طلبہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کے لیے امتحانی ماحول کو محفوظ اور پر سکون رکھا جائے۔ پولیس کی کوشش ہے کہ تمام امتحانات آزاد، منصفانہ اور بغیر کسی مداخلت کے مکمل ہوں۔ ڈسٹرکٹ پولیس کوہستان لوئر طلبا کے روشن مستقبل، تعلیمی شفافیت اور امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :