Live Updates

پیپلزپارٹی کے یوم تشکر کی مرکزی تقریب (کل) سی وی پر یادگار پاکستان پرہوگی ،سعید غنی

بدھ 14 مئی 2025 20:47

پیپلزپارٹی کے یوم تشکر کی مرکزی تقریب (کل) سی وی پر یادگار پاکستان پرہوگی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء) وزیربلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن بروز جمعرات 15 مئی کو پاک فوج کی بھارتی جارحیت اور انتہاپسندی کا منہ توڑ جواب دئیے جانے اور پاک فوج کی شاندار کارکردگی پر "یوم تشکر " منا رہی ہے۔ یوم تشکر کی مرکزی تقریب سی وی پر یادگار پاکستان پر شام 6 بجے منعقد کی جائے گی جبکہ کراچی کے تمام اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنان و عہدیداران اور کراچی کے شہری اپنے اپنے ڈسٹرکٹ سے ریلیوں کی شکل میں سی وی پہنچیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر جاوید ناگوری، صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی، تمام ڈسٹرکٹ کے صدور و جنرل سیکرٹریز، ٹائون چیئرمینز، ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت شہر کے تمام ڈسٹرکٹ کے تحت پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دئیے جانے اور بھارتی جارحیت اور انتہاپسندی کے خلاف شیشہ پلائی دیوار بن جانے پر اظہار تشکر کے لئے کل بروز جمعرات کو ریلیاں نکالی جائیں گی۔

تمام اضلاع سے ریلیاں اپنے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی کلفٹن سی ویو پر یادگار پاکستان پر شام 6 بجے جمع ہوں گی۔ یادگار پاکستان پر بھرپور جشن کے تحت 40 فٹ طویل ٹرالر پر بنائے گئے فلوٹ سے آتشبازی کی جائے گی اور فنکار پاکستانی قومی نغموں سے آنے والی ریلیوں کا استقبال کریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے کل پورے صوبے میں یوم تشکر منایا جارہا ہے۔ کراچی ڈویژن اس یوم تشکر کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کررہا ہے اور جمعرات کی شام کو کراچی کی عوام اس یوم تشکر کی خوشیوں میں ہمارے ساتھ ہوگی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات