مظفرآباد ، ڈاکٹرز اور عملے کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک شاندار اور پرہجوم ریلی نکالی گئی

منگل 13 مئی 2025 15:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)ڈاکٹرز جائنٹ ایکشن کمیٹی سی ایم ایچ مظفرآباد،پی ایم اے ضلع مظفرآباد کے صدر ڈاکٹر بشارت حیات خان،مرکزی چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر ڈاکٹر ارشد خان راجہ اور کمانڈنٹ سی ایم ایچ مظفرآباد کی سربراہی میں ڈاکٹرز اور عملے کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک شاندار اور پرہجوم ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں ڈاکٹر نعیم احمد سینئر اسپیشلسٹ، ڈاکٹر راجہ امتیاز احمد سینئر اسپیشلسٹ و مرکزی قائد ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی، ڈاکٹر وسیم بٹ مرکزی قائد وائے ڈی اے،ڈاکٹر سرمد لطیف سینئر اسپیشلسٹ،ڈاکٹر نوشینہ سینئر اسپیشلسٹ،ڈاکٹر منزہ سینئر اسپیشلسٹ،ڈاکٹر ارشد خواجہ سینئر اسپیشلسٹ سمیت ہسپتال کے تمام ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج زندہ باد، قوم کے ہیروز کو سلام جیسے نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔ریلی کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور بقا کی علامت ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ریلی کے اختتام پر قومی یکجہتی اور افواج پاکستان، پاکستان و آزاد کشمیر کی سالمیت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر ڈاکٹرز جائنٹ ایکشن کمیٹی وائے ڈی اے /پی ایم اے مظفر سی ایم ایچ مظفرآباد نے اس مشکل وقت میں بارڈر ایریا میں کام کرنے والے آزاد کشمیر کے تمام ڈاکٹرز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔