جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تین شھداء کو ایک سال مکمل ہو گیا

منگل 13 مئی 2025 15:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء) سستا آٹا سستی بجلی کے لیے جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک میں قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے تین شھداء کو ایک سال مکمل ہو گیا،پہلی برسی پر والدین سمیت دوست احباب کے زخم ایک بار پھر ہرے ہو گئے،ہر آنکھ اشک بار،شھداء کے مزرات پر سیاسی سماجی مذہبی تجارتی عوامی علمی ادبی حلقوں کا تانتا بندھ گیا،شہدائے تحریک جن میں ثاقب فیاض میر شہید، وقار اعوان شہید، چوہدری اظہر شہید کی پہلی برسی کے موقع پر شہداء کے ورثاء، دوستوں عزیز و اقارب اور جموں کشمیر جائینٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران اور دیگر ذمہ داران کا شہداء کے مزاروں اور گھروں میں حاضری، مزاروں پر پھولوں کی چادریں اور منوں پھول نچھاور کرنے کے علاوہ دعا بھی کی گئی جبکہ ورثاء کو خراج عقیدت، سلام تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تعزیت کیلئے آنے والو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو سستا آٹا سستی بجلی ان شہداء کی قربانیوں سے حاصل ہوا، زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب فیاض میر کی والدہ، والد،ماموں اور دیگر رشتہ داروں،دوست احباب شہید ثاقب فیاض میر کی لازوال قربانی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج بھی ان کی یاد آتی ہے۔

شہید کی قربانی کے صدقے قوم کو سستا آٹا سستی بجلی میسر ہوئی اور ان کے ساتھ ساتھ دیگر دو شہداء نے اپنی قیمتی جان قربان کر کے پوری قوم کو جو سہولت میسر کی ہے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سستی بجلی سستا آٹا کا سلسلہ برقرار رہے گا ان شہداء کو بھی یاد کیا جاتا رہے گا۔ شہید کی والدہ، والد ماموں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ جو وعدے کیے تھے وہ وہ پورے کر دیے ہیں، ہم ان کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن دیگر شہداء سمیت ثاقب فیاض میر شھید کی یادوں کو کسی صورت بھلایا نہیں جا سکتا۔

وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم جموں کشمیر عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام ممبران کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے آج کے دن ہمارے شہداء بچوں کی قبور پر حاضری دی اور گل پاشی کی اور ہمارے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہماری حوصلہ افزائی کی۔