سوات پریس کلب کے وفد کی ڈی پی او سے ملاقات

امن و امان صورتحال، ٹریفک نظام کی بہتری، منشیات کیخلاف جاری مہم ودیگر موضوعات پر تبادلہ خیال

منگل 13 مئی 2025 23:36

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)سوات پریس کلب کے صدر نیاز احمد خان کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے ڈی پی اوسوات محمد عمر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکریٹری شفیع اللہ، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید شہاب الدین، ایگزیکٹیو کونسل کے سینئر رکن فضل رحیم خان اور دیگر دیگر عہدیداروں شوکت علی اور عدنان باچا شامل تھے۔

اس موقع پر سوات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، ٹریفک نظام کی بہتری، منشیات کے خلاف جاری مہم اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او سوات محمد عمر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوات کی سرزمین نے قیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، جنہیں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں امن کی فضا کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ہر اس عنصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا۔

منشیات فروشوں کے خلاف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور کریک ڈان جاری ہے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تعاون سے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر رہی ہے۔ٹریفک نظام کی بہتری سے متعلق سوال پر ڈی پی او سوات کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے، اور عنقریب سڑکوں پر مزید نظم و ضبط نظر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ضروری رکاوٹوں اور تجاوزات کے خلاف مہم بھی جاری ہے۔سوات میں سیاحت کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عمر کا کہنا تھا کہ سوات آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے اور ان کے قیام و سفر کو محفوظ اور سہل بنانے کے لیے پولیس ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی سیاحتی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو سیاحوں کو رہنمائی، تحفظ اور فوری مدد فراہم کریں گی۔وفد کے اراکین نے ڈی پی او کو صحافی برادری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ صحافیوں کے تحفظ اور آزادی اظہار کے فروغ میں سوات پولیس مثبت کردار ادا کرے گی۔