ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد کامقامی لائبریری کا دورہ، مطالعہ میں مصروف طلباء کے تعلیمی جذبے کو سراہا

منگل 13 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد ارشد حسین جمالی نےمقامی لائبریری کا دورہ کر کے مطالعہ میں مصروف طلباء سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کا رخ وہی نوجوان کرتے ہیں جو علم حاصل کرنے اور زندگی میں ترقی کی جستجو رکھتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے طلباء کے مطالعہ کے رجحان کو قوم کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی نوجوان نسل ہی ملک کی ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء کے ساتھ خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔طلباء کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث مطالعہ میں حائل مشکلات کا ذکر کیے جانے پر ڈپٹی کمشنر نے فوری اقدامات کرتے ہوئے نان گورنمنٹ آرگنائزیشن یار محمد سمیجو فاؤنڈیشن کے تعاون سے لائبریری میں سولر پینلز، بیٹریاں اور پنکھے فراہم کیے تاکہ لوڈشیڈنگ کے دوران بھی طلباء کے مطالعہ میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔عوامی و طلباء حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس علم دوست اقدام کو بے حد سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے کیے گئے ایسے عملی اقدامات نوجوان نسل کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہیں۔

متعلقہ عنوان :