شوگر ملز نے یقین دہانی کرادی، ملک میں چینی کی قیمت میں کمی کا امکان

چینی کا ایکس مل ریٹ 164 روپے فی کلو سے کم کرکے 154 سے 159 روپے تک لایا جائے؛ نائب وزیراعظم کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 مئی 2025 11:51

شوگر ملز نے یقین دہانی کرادی، ملک میں چینی کی قیمت میں کمی کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) شوگر ملز کی جانب سے حکومت کو یقین دہانی کرئیی ئی ہے جس کے نتیجے میں ملک میں چینی کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی صدارت ملک میں چینی کی قیمتوں کے بارے میں اجلاس ہوا، اس اجلاس میں نائب وزیراعظم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو چینی کی قیمت کم کرنے کا حکم دیا، جس پر شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انہیں تعاون کی یقین دہانی کرائی، نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ چینی کا ایکس مل ریٹ 164 روپے فی کلو سے کم کرکے 154 سے 159 روپے تک لایا جائے۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں شوگر ملز مالکان کمرشل صارفین کے لیے قیمت مقرر کرنے کے حق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں تھے، چینی کی ایکس مل قیمت 159 روپے صرف 1 ماہ کے لیے مقرر کرنے پر مشکل سے آمادگی ظاہر کی تھی، شوگر ملز مالکان چینی کے 2 نرخ مقرر کرنا چاہتے تھے، اس حوالے سے شوگر ملز مالکان نے کہا تھا کہ گھریلو صارفین کے لیے سستی اور کمرشل صارفین کے لیے مہنگی چینی فراہم کریں گے، رواں سال گنے کی قیمت 700 سے 750 روپے فی من ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

جس کے جواب میں حکومتی ٹیم نے بتایا کہ چینی کے 2 نرخ مقرر نہیں کر سکتے، کسان کو گنے کی قیمت 350 روپے فی من ادا کی گئی، منڈی میں گھریلو صارفین کے لیے فراہم کی گئی چینی گھریلو صارفین تک ہی پہنچنے کو کیسے یقینی بنایا جائے گا؟ منڈی والے گھریلو صارفین کے لیے فراہم کی گئی چینی کمرشل نرخ پر مشروبات بنانے والوں اور بیکریوں کو ہی بیچیں گے، اس فیصلے سے مارکیٹ میں چینی کی کمی ہوگی جس سے نرخ بڑھیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے شوگر ملز نے چینی کی قیمت کم کرنے سے انکار کردیا تھا اور خبردار کیا حکومت قیمت کم کرنے کی کوشش کرے گی توچینی نہیں ملے گی۔