Live Updates

بھارت سے جنگ کے دوران زخمی مزید 2 جوان شہید، افواج کے شہداء کی تعداد 13 ہوگئی

شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے حوالدار محمد نوید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شامل ہیں؛ آئی ایس پی آر

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 مئی 2025 15:29

بھارت سے جنگ کے دوران زخمی مزید 2 جوان شہید، افواج کے شہداء کی تعداد ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) بھارت سے جنگ کے دوران زخمی مزید 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران زخمی ہونے والے مزید 2 جوان شہید ہوگئے، جس کے نتیجے میں مسلح افواج کے شہداء کی تعداد 13 ہوگئی، بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 40 بے گناہ شہری بھی شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں جب کہ 121 افراد زخمی ہوئے، جن میں 10 خواتین اور 27 بچے بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلح افواج نے 6 اور 7 مئی 2025ء کی درمیانی شب شروع کی گئی بزدلانہ جارحیت میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، مادر وطن کا دفاع مثالی حوصلے اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ کرتے ہوئے آج اس مٹی کے مزید 2 بہادر سپوتوں نے شہادت کو گلے لگالیا جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا جس سے پاک افواج کے شہید اہلکاروں کی کل تعداد 13 ہو گئی جب کہ 78 جوان ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے حوالدار محمد نوید شہید اور پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شہید ہیں، ان کی عظیم قربانی ان کی ہمت، فرض سے لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کا لازوال ثبوت ہے، پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کے عوام کے ساتھ اتحاد کے ساتھ ان بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے، حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں، ان کی قربانی ہمیشہ قوم کی اجتماعی یاد میں نقش رہے گی اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرے گی۔

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ’معرکہ حق‘ میں مادر وطن کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دی گئی، ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پوری قوم پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات