Live Updates

وزیراعظم کا معرکہ حق میں آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ ، آرمی چیف ،ائیر چیف مارشل و وفاقی وزراء بھی ہمراہ تھے

شہباز شریف نے پسرورسیالکوٹ چھاﺅنی کا دورہ کیا اورآپریشن بنیان مرصوص میں شریک افسروں و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں آپریشن بنیان المرصوص میں بہادری سے لڑنے پر خراج تحسین پیش کیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 14 مئی 2025 15:35

وزیراعظم  کا معرکہ حق میں آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ ، ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 مئی 2025)وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق میں آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ،ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابرسندھو، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر دفاع خواجہ،وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر احسن اقبال ،کور کمانڈ سیالکوٹ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،وزیراعظم شہباز شریف نے پسرورسیالکوٹ چھاﺅنی کا دورہ کیا اورآپریشن بنیان مرصوص میں شریک افسروں و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں آپریشن بنیان المرصوص میں بہادری سے لڑنے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پسرور چھاونی میں افسران اور جوانوں سے کی گئی تاریخی گفتگو آج شام کو پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ چند روز میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کیلئے ایئر بیسز اور نیول بیسز کا بھی دورہ کریں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم معرکہ حق ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔ بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دئیے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے 16 مئی کو افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا ۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے۔

اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ قبل ازیں پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کی تکمیل کا اعلان کیا تھا۔ بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے 9 مئی تک کے معرکے کو معرکہ حق کا نام دیا گیا تھاجبکہ 10 مئی کی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص کے تحت ہوئی تھی۔آئی ایس پی آر کایہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی فوجی جارحیت اور اپنے شہریوں کے بے رحمانہ قتل کے خلاف انصاف اور بدلہ لینے کا عزم کیا تھا۔ مسلح افواج نے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کردیاتھا۔ بے شمار مدد و نصرت پر اللہ کے حضور انتہائی عاجزی کے ساتھ سجدہ ریز تھے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات