Live Updates

روہت اورکوہلی ورلڈ کپ 2027 نہیں کھیلیں گے، گواسکر نے بتادیا

بدھ 14 مئی 2025 13:04

روہت اورکوہلی ورلڈ کپ 2027 نہیں کھیلیں گے، گواسکر نے بتادیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)حال ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے بھارتی کرکٹ کے دو بڑے نام ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ورلڈ کپ 2027 میں شرکت سے متعلق سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے اہم انکشاف کر دیا ہے۔ویرات کوہلی اور روہت شرما پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائر ہو چکے ہیں، اور اب صرف ون ڈے انٹرنیشنل میں ہی بھارت کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے 2027 کے ورلڈ کپ میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جبکہ روہت شرما کی 50 اوور کے ورلڈ کپ کے لیے وابستگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ تاہم بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ اور سابق کپتان سنیل گاوسکر نے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں نہیں کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں سنیل گواسکر نے کہا کہ ویرات اور روہت جیسے بڑے کھلاڑیوں کی 2027 ورلڈ کپ میں شرکت کا انحصار مکمل طور پر سلیکشن کمیٹی کی رائے پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ روہت اور ویرات ون ڈے فارمیٹ میں بڑے پرفارمرز رہے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی شاید 2027 ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کرے گی۔ وہ یہ دیکھیں گے کہ کیا یہ دونوں کھلاڑی اس وقت ٹیم میں شامل رہنے کے اہل ہوں گی کیا وہ وہی کارکردگی دکھا سکیں گے جو اب تک دکھاتے آئے ہیں یہی وہ سوچ ہے جو سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں کی بنیاد بنے گی۔ اگر کمیٹی کو لگا کہ ’ہاں، یہ کر سکتے ہیں‘، تو دونوں ورلڈ کپ کھیلیں گے۔جب ان سے ذاتی رائے پوچھی گئی تو گواسکر نے واضح طور پر کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ویرات اور روہت ورلڈ کپ کھیل سکیں گے۔ ہاں اگر وہ اچھی پرفارمنس دکھائیں اور سنچریاں اسکور کریں تو ممکن ہے ٹیم میں جگہ بنا لیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات