کراچی؛ عشق کا تنازع، خنجر کے وار سے دوست کے ہاتھوں دوست قتل

منگل اور بدھ کی درمیانی شب مقتول بلال کا دوستوں کے ساتھ جھگڑا ہوا

بدھ 14 مئی 2025 16:35

کراچی؛ عشق کا تنازع، خنجر کے وار سے دوست کے ہاتھوں دوست قتل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)کورنگی میں لڑکی کی عشق میں تنازع پر دوست نے دوست کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹائون تھانے کی حدود کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی نورانی بستی میں لڑائی جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او زمان ٹائون انسپکٹر غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 24 سالہ بلال ولد جاوید ارشد کے نام سے کی گئی، مقتول اور اس کے دوست احسان کا(ع)نامی لڑکی سے محبت کا تنازع تھا، جس پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب احسان، شہریار، بلال اور عرفان سمیت دیگر افراد میں جھگڑا ہوا تھا۔عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ احسان نے خنجر کے وار کر کے بلال کو قتل کیا اور واردات کے بعد تمام افراد فرار ہوگئے، مقتول فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔واقعے کا مقدمہ درج کرانے تاحال کوئی نہیں آیا، پولیس واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کوشش کر رہی ہے۔