Live Updates

سائبر حملہ: بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیاب ہائبرڈ حکمت عملی

بدھ 14 مئی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) پاکستان نے ایڈوانسڈ پرسسٹنٹ تھریٹ (اے پی ٹی) گروپس سے منسلک سائبر حملوں کے ذریعے بھارتی انفراسٹرکچر کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین ایکسپریس کے خصوصی نمائندے مکیش رنجن نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ”ڈانس آف ہلیری“ جیسے انتہائی مہلک سافٹ ویئرکا استعمال کرتے ہوئے تقریباً 15 لاکھ سائبر حملے کیے ہیں۔

یہ پیشرفت سائبر وارفیئر میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت اور دو طرفہ تنازعہ میں سائبر ڈومین کے پہلے اہم استعمال کی نشاندہی کرتی ہے، جس سے میدان جنگ کو ڈیجیٹل دائرے میں وسعت ملتی ہے۔ان سائبر حملوں کے ساتھ آپریشن بنیان مرسوس کی کامیابی، جدید تنازعات میں سائبر ڈومین کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر اور پاکستان کی ابھرتی ہوئی ہائبرڈ جنگی حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

سائبرسکیوریٹی ماہرین نے بتایا ہے کہ ”ڈانس آف ہلیری اور ملٹری سے کالز“ جیسے مالویئرز(سافٹ ویئر) کے ذریعے بھارت کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کا مقصد پاکستان کی وسیع سائبر حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر حساس معلومات کو اکٹھا کرنا تھا۔ بھارت اس ساری صورتحال کا مقابلہ کرنے میں مجموعی طور پر ناکام رہا۔پاکستانی ہیکرز نے بھارت کے 70 فیصد پاور گرڈ کو غیر فعال کر دیا تھا، جس سے پاکستان کی سائبر اسٹرائیک کی اعلیٰ صلاحیت کی نشاندہی ہوتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات