جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ذرائع ابلاغ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے،مولانا فضل الرحمن

مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگا،سربراہ جمعیت علماء اسلام

بدھ 14 مئی 2025 22:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ذرائع ابلاغ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگامروج میڈیا اسلامی تعلیمات سے متصادم ہیں،دین کا مزاج کمزوریوں کو چھپانا اور اچھائیوں کو سامنے لانا ہے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ میں جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے زیراہتمام ڈیجیٹیل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن سے مرکزی کوآرڈینیٹر جے یوآئی ڈیجیٹل میڈیا سیل انجینئر ضیاء الرحمان، صوبائی امیر مولانا عبدالواسع ،صوبائی سیکرٹری جنرل آغاء محمود شاہ، علامہ راشد سومرو نے بھی خطاب کیا کوآرڈینیٹر برائے ڈیجیٹل میڈیا بلوچستان خالد ولید سیفی نے کنونشن میں اضلاع کے کوآرڈینیٹرز کا تعارف اور ایجنڈا پیش کیا ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جماعتی فیصلوں کے برخلاف مشاورت منافقین کی عادتیں ہیںایسی عادتوں سے بچنا چاہیے اچھے اخلاق اپنا کر ہی جے یو آئی کے مشن کو پورا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انبیاء کی سیاست کرنی ہے جس میں تدبیر ہو اور تدبر ہو۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ذرائع ابلاغ کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے،مغربی دنیا کی ترجیحات اور تہذیب کامقابلہ اسی سوشل میڈیا کے ذریعے سے کرنا ہوگا،مروج میڈیا اسلامی تعلیمات سے متصادم ہیںدین کا مزاج کمزوریوں کو چھپانا اور اچھائیوں کو سامنے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھے بھلے عالم دین کے نام کو بگاڑ دیا جاتا ہے اپنے نوجوانوں کی تربیت کریںاسلام علم اور تربیت کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کارکن اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریںہمارے کارکن بغیر وسائل کے دیگر جماعتوں کے سوشل میڈیا ٹیموں سے بہتر کام کر رہے ہیں ۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ سوشل میڈیا کارکنوں کے لئے تربیتی نشستوں کی ضرورت ہے سوشل میڈیا پر جماعتی کارکردگی کو پروان چڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر تحقیق کے خبر نہ نشر کریں، ہر معاملے میں قائدین سے رہنمائی لیں۔ انجینئر ضیاء الرحمان نے کہا کہ پیسوں سے کام کا وہ جذبہ نہیں خریدا جا سکتا جو ہمارے کارکن میں اخلاص کی بنیاد پرہوتا ہے ہمارا ہدف مدمقابل کے بیانیے کوکاؤنٹر کرنا اور جماعتی بیانیے کو پرموٹ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ خلوص کی بنیاد پر تنقید کو قابل تحسین سمجھتے ہیں قائدین نے سوشل میڈیا کی جو ذمہ داری لگائی ،سب مل کر اس کو بخوبی سرانجام دیں گے۔

علامہ راشد سومرو نے کہا کہ اپنے کام پر توجہ دیں اور کسی کی مخالفت کی پرواہ نہ کریںسوشل میڈیا پر عوامی مسائل پر توجہ دیںسوشل میڈیا پر الحمد للہ صوبہ سندھ میں بہترین نتائج حاصل کئے۔علامہ راشد سومرو نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سیاسی جماعتوں کو اعتراف کرنا پڑا کہ جے یو آئی ایک مضبوط اور منظم قوت ہے ضلعی اور یونٹ سطح پر سوشل میڈیا ٹیم کو منظم کرنا ہوگا۔مولانا محمود شاہ نے کہا کہ اپنی صوبائی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے ان شاء اللہ ڈیجیٹل میڈیا پر اپنے قائدین کے بیانیے کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بلوچستان کی مسلمہ سیاسی قوت ہے۔خالد ولید سیفی نے کہا کہ ان شاء اللہ اپنی ٹیم کی جدید خطوط پر تربیت کریں گے۔