کوہستان اپر، تھانہ کمیلہ کی حدود میں قتل کی واردات میں ملوث ملزمان گرفتار

جمعرات 15 مئی 2025 16:50

کوہستان اپر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) کوہستان اپر پولیس نے تھانہ کمیلہ کی حدود میں قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔13 مئی 2025ءکو تھانہ کمیلہ کی حدود کوٹلو میں راحم دین ولد مسعود اظہر اور مسماة (ل) زوجہ مسعود اظہر نے مل کر مسماة (ح) زوجہ راحم دین کا گلہ دبا کر قتل کر کے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او کوہستان اپر فرمان اﷲ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کئے جس پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مسعود خان کی زیر نگرانی ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ کمیلہ علی نواز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کی اور بالآخر آج ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ کوہستان اپر پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔