Live Updates

بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزا شرائط میں نرمی کی،ای ویزا سہولت کی فراہمی پر کام جاری ہے،ہائی کمشنر

جمعرات 15 مئی 2025 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے حال ہی میں پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا شرائط میں نرمی کی ہے تاکہ دو طرفہ تجارت اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے،پاکستان کیلئے ای ویزا سہولت کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے اور مارکیٹ فہم کو گہرا کرنے کیلئے باقاعدہ بزنس وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل قاضی ہمایوں فرید نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ایگزیکٹو کمیٹی ممبران وقاص اسلم،فردوس نثار،شعبان اختر،سید حسن رضا،احد امین ملک،آصف ملک،احسن شاہد اورآصف خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کیلئے بہت سے شعبوں میں گنجائش موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں اور شپنگ روٹس پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سارک کے اراکین ہیں اور انہیں علاقائی تجارت کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

میاں ابوذر شاد نے کہا کہ اس وقت دو طرفہ تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے۔اگر ہم منصوبہ بندی اور سنجیدگی کے ساتھ کوشش کریں تو دو طرفہ تجارتی حجم کو آسانی سے 2 ارب ڈالر تک لے جانا ممکن ہے اور مستقبل قریب میں 5 سے 10 ارب ڈالر تک بھی پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال پاکستان کی برآمدات کا انحصار کپاس، یارن اور سیمنٹ پر ہے جبکہ فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات، اسپورٹس گڈز اور آٹو پارٹس میں بھی بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔میاں ابوذر شاد نے بنگلہ دیش کے ساتھ دفاعی تعاون میں بڑھتی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر کا دورہ پاکستان ایک مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے بھارت و پاکستان تنازع پر بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے امن دوست مو قف کو سراہا اور پاکستانی عوام سے اظہار یکجہتی پر بنگلہ دیشی بھائیوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ہائی کمشنر سے رواں برس جولائی میں لاہور چیمبر کے وفد کے دورہ سری لنکا و بنگلہ دیش کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے اعزازی قونصل جنرل قاضی ہمایوں فرید کے کردار کو بھی سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات