وزیر اعلی مریم نوازکی قیادت میں صحت کے شعبہ میں بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 15 مئی 2025 17:21

وزیر اعلی مریم نوازکی قیادت میں صحت کے شعبہ میں بنیادی اقدامات اٹھائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت جمعرات کے روز پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 95 واں اجلاس منعقدہوا۔ اس موقع پر پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈے پیش کئے گئے۔اجلاس میں پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 94 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔

چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق نے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت ابھی تک 3900 سے زائد معصوم بچوں کی ہارٹ سرجریز کر چکے ہیں، چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد ڈائیلسز کر چکے ہیں،بچوں کی ہارٹ سرجری پنجاب کے 6 سرکاری جبکہ 11 نجی ہسپتالوں میں کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت مریضوں کو کڈنی/ رینل، لیور، بون میرو، کورنیئل اور کوکلیئر ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت رینل ٹرانسپلانٹ کیلئے 14 نجی ، 4 سرکاری، لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے 2 نجی ،2 سرکاری، بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے 2 جبکہ کوکلیئر ٹرانسپلانٹ کیلئے 5 ہسپتالوں کو منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے تینوں منفرد پروگرامز کے تحت ابھی تک مریضوں کو اربوں روپوں کے مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تینوں تاریخی پروگرامز میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے،تینوں پروگرامز میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تینوں پروگرامز کو علاج کا خرچہ برداشت نہ کرنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ہی خصوصی طور پر شروع کئے ہیں،دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہر منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ام پینلڈہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں،ام پینلڈہسپتالوں میں مریضوں کودر پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق ہیلتھ انشورنس ماڈل میں بھی بہتری لارہے ہیں۔اجلاس میں سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈاکٹر زاہد پرویز، پروین آغا، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی سے نوشین فیاض، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس بلال احمد جبکہ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان، ڈاکٹر عدنان خان اور ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔