جدید ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ خطہ میں ترقی کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ، فیصل کریم کنڈی

جمعرات 15 مئی 2025 23:14

جدید ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ  خطہ میں ترقی کے نئے دور کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نیا جدید ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہمارے خطہ میں ترقی کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالہ سے دی گئی بریفنگ میں گفتگو کے دوران کیا۔ نیسپاک کے جنرل منیجر جواد الحق ، سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر رافع ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نجیب خان نے گورنر خیبرپختونخوا کو بریفنگ میں بتایا کہ اگلے دو ماہ میں ائیر پورٹ کے تعمیراتی کام کا فائنل سروے مکمل کرلیا جائے گا، اس ماہ کے آخر میں فائنل سروے ٹیم ڈیرہ اسماعیل خان جارہی ہے ،ائیرپورٹ دو سال میں مکمل ہوگا اور گوادر کے بعد یہ جدید ترین انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہوگا ۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پنجاب کے اضلاع بھکر میانوالی ، بلوچستان کے اضلاع شیرانی ، ژوب اور خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع اور ملحقہ خطہ کے مڈل ایسٹ سے رہنے والے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے ۔گورنر خیبرپختونخوا نے ہدایات جاری کیں کہ شفاف انداز میں ضروری کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس کا افتتاح کریں۔