پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جیل ٹرائل،سماعت ملتوی

جمعرات 15 مئی 2025 19:35

پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جیل ٹرائل،سماعت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی،اعجاز چوہدری ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،میاں محمود الرشید ، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف نو مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق مختلف سات مقدمات کا سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں جیل ٹرائل کے دوران پراسیکیوشن کو مزید گواہان پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت نے شادمان تھانے میں درج مقدمات،جناح ہاوس حملہ اور عسکری ٹاور حملے سمیت مجموعی طور پر7 مقدمات کی سماعت کی ،پولیس تھانہ شادمان میں درج پولیس کی گاڑیاں جلانے، توڑ پھوڑ اور دیگر الزامات پر مبنی4 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی،عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے گواہان کو پیش کئے جانے کے بعد مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی20 مئی تک ملتوی کر دی،دوسری جانب جناح ہائوس،عسکری ٹاور حملہ اور دیگر دو مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی،جس میں بھی عدالت نے پراسیکیوشن کو گواہان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کارروائی17 مئی تک ملتوی کر دی،دونوں سماعتوں کے دوران زیر حراست ملزمان ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کی حاضری مکمل کروائی گئی،علاوہ ازیں برضمانت ملزمان نے بھی جیل میں پیش ہو کر اپنی حاضری مکمل کی۔