نکاح رجسٹرارزبنیادی خاندانی نظام کے نگہبان ہیں، میڈم انعم چوہدری

جمعرات 15 مئی 2025 20:13

نکاح رجسٹرارزبنیادی خاندانی نظام کے نگہبان ہیں، میڈم انعم چوہدری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) نکاح رجسٹریشن کے نظام میں اصلاحات، شفافیت اور سہولت کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعم چوہدری نے کی جبکہ انتظامی امور کی نگرانی شاہد عباس نے انجام دی۔ یہ اجلاس ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں اصغر علی شاکر، فتح محمد جمالی، حامد، تنویر میو، ذیشان سمیت متعدد نکاح رجسٹرارز اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔ شرکاء نے نکاح رجسٹریشن کے موجودہ طریقہ کار، عملی رکاوٹوں، اور عوام کو درپیش مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔اجلاس کے دوران نکاح رجسٹرارز کی تربیت، سسٹم میں ڈیجیٹل اصلاحات، غیر ضروری پیچیدگیوں کے خاتمے، اور ضلعی سطح پر بہتر رابطہ کاری جیسے اہم نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

انعم چوہدری نے کہا کہ نکاح رجسٹرارز بنیادی خاندانی نظام کے نگہبان ہیں، جن کا کردار نہایت سنجیدہ اور ذمہ دارانہ ہے۔ ان کے مسائل کا حل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔شاہد عباس نے کہا کہ رجسٹریشن نظام میں شفافیت اور سادگی لانے کے لیے جامع پالیسی مرتب کی جا رہی ہے جس پر جلد عمل درآمد شروع ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاح رجسٹرارز اور لوکل گورنمنٹ کے مابین مضبوط روابط سے نہ صرف انتظامی خلاء دور ہوں گے بلکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔شرکاء نے اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اٴْمید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے تسلسل سے منعقد ہونے والے اجلاس نکاح رجسٹریشن کے نظام کو مؤثر اور عوام دوست بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔