Live Updates

آئین پاکستان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی وحدت کی ضمانت ہے ، اعظم نذیر تارڑ

خیبرپختونخوا سے سینیٹرز کے انتخابات نہ ہونے کی بنیادی وجہ وہاں کی صوبائی اسمبلی کا بروقت اجلاس نہ بلانا ہے، وزیرقانون

جمعرات 15 مئی 2025 23:18

آئین پاکستان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی وحدت کی ضمانت ہے  ، اعظم نذیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک کی نظریاتی و جغرافیائی وحدت کی ضمانت ہے اور اس کی بالادستی ہر حال میں یقینی بنانا ریاستی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔جمعرات کو سینٹ اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے سینیٹرز کے انتخابات نہ ہونے کی بنیادی وجہ وہاں کی صوبائی اسمبلی کا بروقت اجلاس نہ بلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اب عدالت میں زیر سماعت ہے اور منگل کے روز سپریم کورٹ کا 13 رکنی بنچ اس کیس کی سماعت کرے گا۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے اس سلسلے میں اپنا آئینی کردار ادا کیا اور معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا تاہم اب یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس ہے اور وہ اسے براہ راست ہدایات نہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

اعظم نذیر تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینیٹ انتخابات کے جاری کردہ شیڈول کا احترام نہیں کیا جس کے باعث وہاں کے عوام کے نمائندے اب تک ایوان بالا میں موجود نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات قانونی پیچیدگیوں اور مقدمات سے جڑے ہوئے ہیں جس کا فیصلہ اب عدالت کرے گی۔وزیر قانون نے زور دیا کہ تمام اداروں کو آئینی ذمہ داریاں بروقت ادا کرنی چاہئیں تاکہ جمہوری عمل میں تعطل نہ آئے اور ایوان بالا کی مکمل نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔اعظم نذیر تارڑ نے اس موقع پر مرحوم سینیٹر تاج حیدر کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سینیٹ کے نئے رکن وقار مہدی کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے تجربے سے ایوان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات