Live Updates

جرمن/سوئس انویسٹمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوبیاس ہنڈرٹ مارک کا آئی سی سی آئی کا دورہ

جمعرات 15 مئی 2025 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) جرمن/سوئس انویسٹمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوبیاس ہنڈرٹ مارک نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جا سکیں ۔ انہوں نے چیمبر کی قیادت کے ساتھ بات چیت کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیا اور مشترکہ منصوبوں بالخصوص آٹوموبائل مینوفیکچرنگ سیکٹر میں اپنی فرم کی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنی فرم کے عالمی تجربے کو اجاگر کرتے ہوئےٹوبیاس ہنڈرٹ مارک نے پاکستان میں بھاری ملٹری گریڈ ٹرکوں کے ساتھ ساتھ کمرشل لائٹ اور ہیوی گاڑیوں کے مینوفیکچرنگ پلانٹس کے قیام کے منصوبوں بارے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی مارکیٹ کی صلاحیت اور سٹریٹجک مقام کا حوالہ دیتے ہوئے سرمایہ کاری کی ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر تعریف کی۔

ان کے ہمراہ کینیڈین سرمایہ کاری اور تجارتی فرم S.A.R.F کے سی ای او سہیل ایس کیانی بھی تھے۔ جبکہ منصور شیخ ایک معروف ٹیکسٹائل فیملی کی نمائندگی کر رہے تھے اور ایڈوانس ایرا ٹیک کے مہر شعبان بھی ان کے ہمراہ تھے۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے مہمانوں کو چیمبر کے مشن کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، معدنیات، دواسازی اور ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کیا اور اقتصادی چیلنجوں کے باوجود آئی ٹی، تعلیم، رئیل اسٹیٹ اور خدمات کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مستقبل میں تعاون کے لئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ۔آئی سی سی آئی کے صدر کے مشیر نعیم صدیقی نے چیمبر کے اقدامات اور پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ منصور شیخ اور مہر شعبان نے بھی اپنی کمپنیوں کے آپریشنز کے بارے میں بصیرت کا اشتراک کیا اور سٹریٹجک سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی اور راجہ نوید ستی نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات