خیبرپختونخوا،ترقیاتی منصوبوں میں اربوں کی کرپشن پر 10 افسران کیخلاف کارروائی کی سفارش

جمعرات 15 مئی 2025 18:43

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں ترقیاتی کاموں کے لیے مختص فنڈز میں اربوں روپے کی کرپشن کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اکاؤنٹنٹ جنرل (اے جی) خیبرپختونخوا نے محکمہ خزانہ کے 10 افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش کر دی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا کے دفتر نے مشکوک افراد اور مشتبہ بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کر دی، اے جی آفس نے مبینہ کرپشن میں محکمہ خزانہ کے 10 اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کے لیے سیکریٹری خزانہ کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں اسسٹنٹ اور سب اکاؤنٹنٹس اور 52 مشکوک بینک اکاؤنٹس کی بھی نشاندہی کی گئی، خط میں ضلعی اکاؤنٹس افسر اپر کوہستان کو فوری معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اے جی آفس کے مطابق نیب کو موصول ہونے والے 1293 چیکس کا ریکارڈ ہی موجود ہی نہیں، جعلی چیکس کا اے جی دفتر سے کوئی سروکار نہیں، ریکارڈ اصلی چیکس کا رکھا جاتا ہے، ذرائع کے مطابق جعلی چیکس بنانے کی ذمہ داری نیشنل بینک اور سی اینڈ ڈبلیو ہے۔

مشکوک رقم 3 ارب 47 کروڑ 37 لاکھ 19 ہزار 155 روپے کی نشاندہی بھی خط میں کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق اپر کوہستان میں کرپشن کی کٴْل رقم 29 ارب روپے ہے۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں کی رقم نجی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے جانے کے انکشاف کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مبینہ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔