عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کے جانوروں کی آلائش کے لئے شہریوں کو بیگز فراہم کرنے کی ہدایت

کنٹی جنسی پلان ترتیب ، ٹوٹل 100 کلیکشن پوائنٹس،9000 سے زائد مشینری، تقریبا 18000 ہیلپر تعینات کئے جائیں گے،سندھ سالڈ ویسٹ

جمعرات 15 مئی 2025 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، طارق علی نظامانی کی زیرِ صدارت اجلاس میں عیدالاضحی انتظامات کے سلسلے میں حکمت عملی مرتب دے دی گئی۔عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کے جانوروں کی آلائش محفوظ طریقے سے دینے کے لئے شہریوں کو بیگز فراہم کئے جائیں گے تاکہ شہری بیگز میں آلائش رکھ کر ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے اہلکاروں کو دیں ان اقدامات کا مقصد شہر کو آلودگی سے پاک رکھنا ہے۔

ہر زون میں انفارمیشن ڈیسک اورشکایتی کیمپ کلیکشن پوائنٹس کے ساتھ بنایا جائے گا اور شہریوں کی راہنمانی کے لئے ہر کیمپ میں دو،دو ورکرز دو شفٹ میں تعینات ہونگے۔ کمپنیز کے عہدیداران نے اجلاس میں انتظامات کے سلسلے میں کنٹی جنسی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پلان کے مطابق تمام اضلاع میں ٹوٹل سو کلیکشن پوائنٹ،نوہزار سے زائد مشینری، تقریبا اٹھارہ سو ہیلپر تعینات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن، تمام متعلقہ ڈائریکٹرز،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور نجی کمپنیز کے عہدیداران اور سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد سے متعلقہ افسران آن لائن موجود تھے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ اس سال کچرا اور آلائشیں الگ الگ اٹھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ آلائشیں اٹھانے کے کام میں مزید تیزی لائی جا سکے انہوں نے کہا کہ عید سے پہلے آلائش اٹھانے والی تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن نمبر اور ڈرائیور کی تفصیلات کی لسٹ جلد از جلد فراہم کی جائے۔

آلائشوں کو مدفون کرنے کے لئے لینڈ فل سائٹس پر ٹرینچز بنائی جائیں گی۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے جی ٹی ایس اور لینڈ فل سائٹ پرموجودتمام وزن مشین فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید سے پہلے تمام مشینوں کی مینٹینس یقینی بنائیں تاکہ عید کے دنوں میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے آپریشن کے لئے تمام مشینری اور چونے کے انتظامات یقینی بنانے اورکچرے اور آلائشوں کے ٹرک کو ترپال سے کورکرکے لینڈ فل سائٹس لے جانے کی ہدایت کی۔

اس سلسلے میں عید کے چار روز تک آپریشن جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ معمول کا کچرا بھی بلا تعطل اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں بالخصوص یوسی چیئرمین اور دیگرمیونسپل ایجنسیز کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ عیدالاضحی پر عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے گا۔ مانیٹرنگ کے لئے تمام زونز میں شکایتی مراکز فعال رکھے جائیں گے۔